اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی نے پشاور سے تعلق رکھنے والے معروف معلم، ادیب، شاعر اور محقق پروفیسر ڈاکٹر نذیر تبسم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔منگل کو میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر نذیر تبسم کی وفات ادبی دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
وہ اپنی شاعری، تحقیقی کام اور تنقیدی مضامین کے ذریعے اردو ادب میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کی تصانیف اور خدمات نئی نسل کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہیں گی۔اورنگزیب خان کھچی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر نذیر تبسم نہ صرف ایک شفیق استاد تھے بلکہ ایک ہمہ جہت ادبی شخصیت کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔