اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے حج سے قبل فلائٹ آپریشن کی خوش اسلوبی سے تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وزارت مذہبی امور ، ایئر لائنز اور دیگر فریقین کی انتھک محنت اور لگن کا ثبوت ہے ۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے آخری پرواز کی روانگی کے ساتھ ہی حج سے قبل فلائٹ آپریشن اختتام پذیر ہو گیا ہے
سعودی ایئر لائنز کی حج سے قبل آخری پرواز 380 پاکستانی عازمین کو لے کر حجاز مقدس پہنچی۔ وفاقی وزیر نے حج سے قبل فلائٹ آپریشنز کی کامیابی سے تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی موثرمنصوبہ بندی اور ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے اس بات پر زور دیا کہ ہموار آپریشن وزارت کے عملے کی محنت اور انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے جو انہوں نے عازمین حج کے آرام اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کی۔وفاقی وزیر نے حج کی سہولت کے لیے وزارت کی طرف سے کیے گئے مختلف اقدامات ، بشمول رعایتی طویل اور مختصر دورانئے کے حج پیکجز جیسے اقدامات کو سراہا ۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ حج اہم اور مقدس مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے تمام عازمین کے لیے حج کے سفر کو خوشگوار اور یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان سے حجاج کرام کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ، سعودی ایئرلائنز، سرین ایئر لائن ، اور ایئر سیال نے فلائٹ آپریشن میں حصہ لیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474620