وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکا اجلاس ، صوبوں سے تعلیمی اداروں میں صحت کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے زور

115

اسلام آباد ۔ 04ستمبر(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے اجلاس میں صوبوں سے تعلیمی اداروں میں صحت کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے زور دیا گیا ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے جمعہ کے روز صوبوں کو ہدایت کی کہ وہ عنقریب سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھولنے کے اعلان سے پہلے محکمہ صحت کی جانب سے وضع کیے گئے صحت او حفاظت کے رہمنا اصولوں اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور متاثرہ لوگوں کی رابطے کی نشاندہی اور ان کو قرنطینہ کرنے کے اقدامات کو مزید بہتر کریں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کے اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے ہاتھوں کو دھونے کے انتظامات ، مخصوص ٹیسٹنگ اور مائیکرو سمارٹ لاک ڈاو¿ن کی تازہ ترین صورتحال اور تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھولے جانے کے حوالے سے منصوبہ بندی کے حوالے سے تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو محرم الحرام میں عوامی اجتماعات کے متوقع اثرات کو کم کرنے کے لئے اپنی موجودہ ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی صلاحیت میں اضافہ کرنا چاہئے۔ صوبائی نمائندوں نے وڈیو لنک کے ذریعے فورم کو موجودہ ٹیسٹنگ کی گنجائش ، مثبت آنے والے مریضوں کی تعداد ، مثبت رجحانات اور سکولوں کی جانچ کے لئے فریم ورک سے آگاہ کیا۔انہوں نے یہ بھی مزید کہا کہ صوبائی انتظامیہ کورونا مریضوں کے بڑھتے ہوئے مثبت تناسب میں محرم کے ممکنہ اثرات پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور ضروری انتظامات کو یقینی بنارہی ہیں۔فورم کو بریفنگ دی گئی کہ بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) اور دیگر صوبوں کو ان کی ٹیسٹنگ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے گی۔