اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کچھ ذاتی فوائد حاصل کرنے کے لئے اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جے یو آئی عوام میں مقبولیت کھو چکی ہے اس لئے میرا مولانا فضل الرحمان کو مشورہ ہے کہ لوگوں کی فلاح و بپبود کا کام دوبارہ شروع کرنے کیلئے سخت محنت کریں۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے جس کی وجہ سے وہ مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو احتجاجی مظاہرے کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ موجودہ حکومت مدارس کے بچوں کو قومی دھارے میں لانا چاہتی ہے تاکہ کوئی بھی سیاسی جماعت مدارس کے بچوں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال نہ کر سکے اور حکومت کے ان اقدامات سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مشتعل ہو گئے ہیں کیونکہ وہ ماضی میں مدارس کے بچوں کو استعمال کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جے یو آئی (ف ) عوام میں مقبولیت کھوچکی ہے اور میرا مولانا فضل الرحمان کو مشورہ ہے کہ وہ لوگوں کے فلاحی کاموں کو دوبارہ شروع کرنے کیلئے سخت محنت کریں۔