
اسلام آباد ۔ 06 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے سوئی سدرن گیس کمپنی ،نیشنل بینک آف پاکستان، وزارت خزانہ،پاک چین سرمایہ کار کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان سٹیل ملز لمیٹڈ کے حکام کے اجلاس کی صدارت کی ۔ جس میں پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کے مجوزہ لیز ماڈل کے طریقہ کار سے پہلے کے امور اور سٹیل ملز کے ذمہ واجب الادا بڑی رقومات کے زیر التواءمسئلے کا جائزہ لیا گیا۔وزیر نے اجلاس کے شرکاءکو نجکاری بارے کابینہ کی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے بارے میں بتایا جس میں سٹیل ملز کی بڑی بڑی واجب الادا رقوم کے اموربارے تبادلہ¿ خیال کیا گیا تھا ۔ نجکاری بارے کابینہ کی کمیٹی نے پرائیویٹائزیشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری اور تنظیم نو کا عمل شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے ۔