اسلام آباد ۔ 31 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ بلاتفریق سب کا احتساب ہو رہا ہے‘ پاک فوج نے قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے افسران کو سزائیں دے کر دوسروں کے لئے پیغام بھیجا ہے‘ قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لئے پوری قوم دعاگو ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی دولت کو لوٹنے والوں کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری ہے‘ قومی اداروں میں بھی احتساب کا عمل خوش آئند ہے۔ پاک فوج نے قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے افسران کو سزائیں دے کر ملک کے دیگر اداروں میں خدمام سرانجام دینے والے افسران کے لئے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر کوئی قومی سلامتی کے خلاف کام کرے گا تو اس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لئے دعائیں مانگ رہی ہے۔ توقع ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم قوم کی امنگوں پر پورا اترے گی۔