اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،پاکستان مسئلہ کشمیر پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ جمعہ کو نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو سفارتی سطح پر دنیا بھر میں اجاگر کر رہا ہے۔
انہوں نے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلات کی بندش، لاک ڈاؤن اور میڈیا پر عائد پابندیوں کو فوری ختم کرکے کشمیری قیادت اور بے گناہ نوجوانوں کو فوری رہا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ پرامن رہنے پر یقین رکھتا ہے لیکن اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق ہے، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی طور پر تبدیل کیا ہے۔
سید فخر امام نے مزید کہا کہ پاکستان کا واضح موقف ہے کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے اور کوئی یکطرفہ فیصلہ اس کی خصوصی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی اور امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی پوری مقبوضہ وادی پر فوج کے ذریعے قابض ہے اور وادی کو دنیا کی سب سے بڑی سب جیل میں تبدیل کیے ہوئے ہے۔