وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

88

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے اب تک ملک بھر میں تقریباً 2.2 ملین ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کر دئیے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے مہینے ضرورت مند لوگوں میں 9 ملین سے بھی زیادہ مذید صحت کارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر صحت کارڈ 725,000 روپے پر مشتمل ہے جسے مریض کے علاج معالجے کے لیے ملک کے کسی بھی سرکاری یا نجی ہسپتال میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں سے صحت کے شعبے کو حکومتوں کی طرف سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور اب اسے ٹریک پر لانے میں وقت تو لگے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں 80 فیصد نجی ہسپتال ہیں اور صرف 20 فیصد سرکاری ہسپتال ہیں جس کی وجہ سے غریب آدمی کو اپنا علاج کرانے میں دشواری پیش آتی ہے اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔