27.1 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر براے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا بین الاقوامی...

وفاقی وزیر براے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺکانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا کوبے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، انسانیت کی نگاہ امن و انصاف کی تلاش میں ہے اور سیرت رسول ؐہی عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بہترین راستہ ہے۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام ” عصر حاضر میں سیرت نگاری کے چیلنجز اور مستقبل کے اقدامات ” کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نبی کریم ﷺکی زندگی اعلیٰ اخلاق اور انسانیت کے تقدس کے درس کا عملی نمونہ ہے،آج غزہ اور فلسطین میں نسل کشی جاری ہے، مسلم اتحاد عصر حاضر کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺعلم کا وہ خزانہ ہے جس میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، ہمارے اسلاف نے قرآن اور سیرت البنی ﷺسے استفادہ کیا اسی میراث کو دوہرانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ سیرت پاک ﷺاخلاقی اقدار کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیرت کی روشنی میں معاشروں کی تشکیل کو ترجیح دی جاے اور پائیدار ترقی اور مستحکم معیشت جیسے اہداف کو سیرت النبی ؐکی روشنی میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل موتمر عالمی اسلامی راجا ظفر الحق ، مراکش کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر سعد الدین عثمانی، تیونس کی الزیتونہ یونیورسٹی کے سابق صدر ڈاکٹر عبداللطیف بو عزیزی، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن و ریکٹر جامعہ ڈاکٹر مختار احمد ، کانفرنس کے منتظم اعلیٰ و ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقات اسلامی ڈاکٹر محمد ضیا الحق ،90 سے زائد تحقیقی مقالہ نگار ، سیرت نگاری کے غیر ملکی ماہرین اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

- Advertisement -

اس موقع پر راجہ ظفر الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ حب رسولؐ مسلمانوں کا خاصا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سیرت البنی ﷺسے متعارف کرانا ہمارا فرض ہے،آج کی اہم ضرورت ہے کہ سیرت البنی ؐکو مختلف زبانوں میں عام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسا ہی کام پہلے بھی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے سکالرز کے ساتھ مل کےکر چکے ہیں، آج بھی یہی کام جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے عام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر مختار احمد نے سیرت نگاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس کے فروغ میں جامعات کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ادارہ تحقیقات اسلامی کی اس ضمن میں خدمات کو سراہا ۔

انہوں نے احسن اقبال اور غیر ملکی محقیقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔کانفرنس کی سفارشات اس کانفرنس کے منتظم شریک ادارے جامعہ محمدی شریف چنیوٹ کے منتظم اعلی صاحبزادہ قمر الحق نے پیش کیں جن میں سیرت نگاری کو بطور لازمی مضمون شامل کرنے اور اس بابت ڈیجیٹل لائبریریوں کی تشکیل جیسے نکات شامل تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587312

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں