وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ کی ملاقات

204

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ احمد حنیف اورکزئی، قائم مقام ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ محمد ابرار بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمن مزاری نے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال فیڈریشن کے جلد الیکشن کے انعقاد اور فٹبال کھیل کی ترقی کیلئے بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے فنڈز روکے ہوئے ہیں ، ہم پاکستان میں فٹبال کا فروغ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اصل سٹیک ہولڈرز کو اونرشپ ملے اور کوشش ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن جلد ہو ں۔ فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے الیکشن 15 مئی کو ہونگے ،

فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کی مدت 30جون 2023کو مکمل ہو رہی ہے جبکہ 30جون تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کرانا ممکن نہیں۔ ہارون ملک نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے الیکشن کرا رہے ہیں، وفاقی وزیر احسان مزاری اور وزارت ہمیں بھرپور سپورٹ کر رہی ہے ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن کے حوالے سے آئین واضح ہے۔ ہارون ملک نے کہا کہ چار صوبے ، آٹھ ڈیپارٹمنٹس کے پاس ووٹنگ رائٹس ہونگے۔