وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ

87
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ

جدہ۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں،انہوں نے مسئلہ کشمیر کے تاریخی، قانونی اور انسانی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے عالمی سطح پر شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔بدھ کو قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ میں منعقدہ یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو عالمی ضمیر اور بین الاقوامی قانونی نظام کے لئے ایک اخلاقی اور قانونی چیلنج قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ ایک سنگین انسانی بحران ہے جس پر فوری بین الاقوامی توجہ کی ضرورت ہے۔ جام کمال خان نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے عزم کو دہرایا۔یہ تقریب سعودی عرب میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی جس میں صدر پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی شامل تھے جو مسئلہ کشمیر پر قومی یکجہتی کی عکاسی کرتے ہیں۔

تقریب کے دیگر اہم مقررین میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، وزیر بحالیات حکومت آزاد کشمیر چوہدری جاوید اقبال، او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید محمد فواد شیر، چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود پوری اور اوورسیز جموں و کشمیر کمیٹی کے قائم مقام چیئرمین انجینئر عارف مغل شامل تھے۔مقررین نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کی جن کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت نے کشمیر کو قلعہ نما جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر حوصلے کو دبانے میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔

مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت کو ریاستی سرپرستی میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرنی چاہئیں۔قونصل جنرل پاکستان خالد ماجد نے اپنے استقبالیہ خطاب میں مسئلہ کشمیر پر سعودی قیادت کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں فعال کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔تقریب میں بھارتی قبضے کے تحت کشمیری عوام کی تکالیف اور بھارتی فوج کے مظالم پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔شرکاء اور مقررین نے نہ صرف کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا بلکہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے بھی عالمی برادری سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا۔

تقریب کا اختتام کشمیری اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے بھرپور پیغام کے ساتھ ہوا جس میں تمام مقبوضہ علاقوں میں انصاف اور انسانی حقوق کی فراہمی پر زور دیا گیا۔ تقریب میں معززین، سیاسی شخصیات اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی جو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے یکجہتی کے جذبے میں متحد تھے۔