وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی بلوچستان میں سکول بس پر حملے کی مذمت

87
Jam Kamal Khan
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے خضدار، بلوچستان میں سکول بس پر ہونے والے افسوسناک اور بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔بدھ کو جاری بیان میں وزیر تجارت نے اس حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اسے غیر انسانی اور قابلِ نفرت عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم طلبہ کو نشانہ بنانا ایک سفاکانہ جرم ہے، جو اُن عناصر کی مایوسی اور بربریت کو ظاہر کرتا ہے جو ہمارے وطن کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔

جام کمال خان نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دہشت گرد حملے پاکستانی قوم اور اس کے سکیورٹی اداروں کے حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، ملک میں قیام امن کی کوششوں کو ناکام نہیں ہونے دیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔