اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ آج ان شہداء کی وجہ سے پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یوم دفاع کے موقع پر راولپنڈی میں شہید حوالدار محمدمنیر عباسی کے گھر اس کی فیملی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نےکہا کہ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ قوم حوالدار محمدمنیر عباسی شہید اور دیگر شہدا کی جرات کو سلام پیش کرتی ہے کہ جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ جام کمال خان نے شہید حوالدار محمدمنیر عباسی کے بچے کواس کی تعلیم کے مطابق سرکاری نوکری دلوانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ حولدارمحمدمنیر عباسی شہید کے بچے کو حکومت نے گھر الاٹ کیا ہے اور جس سرکاری کوارٹر میں یہ پہلے سے قیام پزیر تھے وہیں ان کو رہنے کی اجازت بھی دی گئی تاکہ یہ اپنے کوارٹر کے نزدیک آرمی پبلک سکول میں تعلیم کو جاری رکھ سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میرا شہید کے گھر آنے کا واحد مقصد شہید کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرنا اور اپ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شہداء کے گھروں پر آکر اس بات کا احساس ہوا کہ حکومت کو ان شہداء کی فیملیوں کے لیے اور بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
حوالدار منیر عباسی چھ اگست 2015 کو دریا بی کے مقام پر ہیلی کاپٹر کریش میں شہید ہوئے ان کا ایک بیٹا اور تین بیٹیاں ہیں جو اپنی پھوپوں کے ساتھ ایک سرکاری کوارٹر میں رہتے ہیں۔