اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کے آذربائیجان کے سرکاری دورے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت اور سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنا کر تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔
دونوں نےمعاہدوں پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سفیر نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں آذربائیجان ٹریڈ ہائوس قائم کرنے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔وزیر تجارت نے وزیر اعظم کے دورے کے دوران بزنس ٹو بزنس فورم کے انعقاد کی تجویز دی جس کے بعد جولائی میں آذربائیجان میں سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد کی بات کی گئی تاکہ پی ٹی اے کے ردعمل کا جائزہ لیا جا سکے۔سفیر نے بزنس ڈیلیگیشن کی حمایت کا یقین دلایا اور پاکستان-آذربائیجان مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آغاز کا اعلان کرنے کی تجویز پیش کی۔تجارتی مواقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر جام کمال خان نے آذربائیجان سے کپاس درآمد کرنے اور پاکستان میں پروسیس کر کے اعلیٰ معیار کے ملبوسات کمبوڈیا برآمد کرنے کی تجویز دی۔سفیر نے پاکستان کو آذربائیجان کے اہم کپاس پیدا کرنے والوں سے جوڑنے اور زراعت و ٹیکنالوجی کے شعبے میں مشترکہ مواقع پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے گزشتہ سال کے مقابلے میں تجارتی حجم کے دوگنا ہونے کو سراہا اور اس کامیابی کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیر تجارت نے آذربائیجان کو لاہور میں ہونے والی فوڈ ایگزیبیشن میں شرکت کی دعوت دی جبکہ سفیر نے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور نمایاں کاروباری اداروں کے رابطے فراہم کیے۔ملاقات اس عزم کا اظہا ر کیا گیا کہ تجارتی ہائوس اور چیمبر آف کامرس کے قیام کو دوطرفہ تجارتی تعلقات کا سنگ بنیاد بنایا جائے گا۔یہ تعاون پاکستان اور آذربائیجان کے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس کا مقصد طویل المدتی شراکت داری قائم کرنا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552140