
اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دیرینہ اور پائیدار تعلقات ہیں، جائیکا پاکستان میں مختلف شعبوں میں کام کر رہا ہے، تاہم پاکستان میں تعلیم کے میدان میں جائیکا کا کردارقابل تعریف ہے، تعلیم کے میدان میں کئی چیلنجز کا سامنا ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم کے میدان میں بھرپور کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارہ ”جائیکا “کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی نمائندگی ”جائیکا“ کے نائب صدر ڈاکٹر ٹوڈا ٹاکاﺅ کر رہے تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ غربت سے باہر نکلنے کا سب سے آسان اور واحد راستہ تعلیم اور ہنر کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم شرح خواندگی کو بڑھانا اور سکول سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانا اہم چیلنجز ہیں، ہم شرح خواندگی کو بڑھانے کے لیے ایک جامع اور ملک گیر پروگرام لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شرح خواندگی کو بڑھانے کے لئے جائیکا کے بین الاقوامی کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے کا پروگرام شروع کیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد کے تقریباً 11 ہزار بچوں کو نئے تعلیمی سال کے آغاز میں اسکولوں میں داخل کیا جائے گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ اساتذہ کی کمی اور سکولوں تک رسائی کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سیاست سے بالاتر ہے اور ہم چاروں صوبوں کے تعاون سے یکساں نظام اور نصاب تعلیم لائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کے معیار کو بڑھانے اور سکول سے ہی پیشہ ورانہ تربیت کی تعلیم کا آغاز کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جائیکا کے نائب صدر ڈاکٹر ٹوڈا ٹاکاﺅ نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے پاکستان میں تعلیم اور دیگر شعبوں میں جائیکا اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں جائیکا کے جاری تمام تعلیمی پروگراموں کا مجموعی جائزہ لے رہے ہیں۔ شرح خواندگی کے فروغ اور سکولوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے جائیکا کے ماہرین تمام ممکن مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ وفد نے یقین دلایا کہ جائیکا پاکستان کو تعلیم کے شعبہ میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔