وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر اور برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر رمضان کی ملاقات

63

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر اور برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر رمضان نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان جاری تعلیمی تعاون بشمول فلیگ شپ ہائر ایجوکیشن پروگرام "پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے”، قومی نصاب کی تشکیل کے لیے ایف سی ڈی او کی تکنیکی معاونت اور اساتذہ کی تربیت کے لیے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے کنیکٹنگ کلاس رومز کے قیام، پانچ ہزار بچوں آوٹ آف اسکول چلڈرن کو واپس لانے،  سیکٹر اور اپرنٹس شپ پروگرام، اور انڈسٹری سے  کے روابط قائم کرنے میں برٹش کونسل کے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے پاکستان کے لیے برطانیہ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برطانویوں کے ساتھ بہت سکون محسوس کرتے ہیں اور برطانیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم نے برطانیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ برطانیہ میں 2022 میں ہونے والے ورلڈ ایجوکیشن فورم میں شمولیت کے لیے وفاقی وزیر تعلیم کو برطانوی ہائی کمشنر کی باضابطہ دعوت پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ انہیں خوشی ہو گی کہ دنیا کے سب سے بڑے تعلیمی اجتماع میں پاکستان کے تعلیمی نظام اور اس کی اقدار کو پیش کرنے کا موقع میسر آئے گا۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ برطانیہ تعلیم کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ دونوں فریقوں نے تعلیمی شراکت داری کو ہر ممکن حد تک مضبوط اور گہرا کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں اطراف سے روایتی گرمجوشی اور باہمی اعتماد کا اظہار کیا گیا۔