
اسلام آباد ۔ 26 نومبر(اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے طلباءکو روزگار سے مطابقت رکھنے والی تعلیم کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں فراہم کی جانے والی تعلیم مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہونی چاہئے۔ وہ پیر کو ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ میں پاکستان اور برطانیہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مابین اکیڈمک تعاون کو فروغ دینے کےلئے پاکستان۔یوکے ایجوکیشن گیٹ وے کی باضابطہ افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اصغر، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو، کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل روزمری ہل ہورسٹ، سیکرٹری جنرل ایسوسی ایشن آف کامن ویلتھ یونیورسٹیز جوآنہ نیومن کنسلٹنٹ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، ڈاکٹر محمود الحسن بٹ اور جامعات کے وائس چانسلرز کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔