وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے آسٹریا کے سفیر نکولس کیلر کی ملاقات، بجلی کے شعبے میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

72

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے پاکستان میں آسٹریا کے سفیر نکولس کیلر نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان بجلی کے شعبے میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈرٹز ہائیڈرو پاکستان گوسیپی کیٹالفامو بھی موجود تھے۔ ان سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے کہا کہ حکومت بجلی کے شعبے کے مالی وسائل بہتر بنانے کے لئے لائن لاسز میں کمی لانے اور واجبات کی وصولی بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹرین کمپنیاں پاکستان میں پانی کے چھوٹے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیں، موجودہ حکومت بجلی کے ترسیلی اور تقسیمی نظام کی بہتری پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے لائن لاسز اور وصولیوں کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آ سٹریا کی کمپنیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، ہم پانی کے چھوٹے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔