اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر خان سے آزاد جموں وکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت چیمبر کے صدر چوہدری صہیب سعید کر رہے تھے۔وفد آزاد کشمیر کی معروف کاروباری شخصیات اور صنعت کاروں پر مشتمل تھا۔ اس اہم ترین ملاقات کے دوران آزاد کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صہیب سعید نے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی قیادت میں وزارت تجارت کی اعلیٰ ترین کارکردگی کو سراہا جنہوں نے چین میں بھی برآمدات سست روی کا شکار ہونے کے باوجود برآمدات کا ہدف پورا کیا۔ آزاد جموں وکشمیر چیمبر آف کامرش اینڈ انڈسٹری کے وفد نے نمائش کے سینٹر اور ڈرائی پورٹ کےلئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے فنڈنگ جیسے معاملات بارے تبادلہ خیال کیا جس پر وزیر تجارت نے ہر ممکن سہولت کی فراہمی کا یقین دلایا۔