اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پرویز الہی کے گھر پر ہونے والی کارروائی سے وفاقی حکومت کا تعلق نہیں، واقعے کی وجوہات کا ابھی علم نہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے اسحاق ڈار کو پرویز الہی کے خاندان کے جذبات سے آگاہ کیا۔ہفتہ کے روز ہونے والے ٹیلی فونک رابطہ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے، ہم نے بھی ہمیشہ قانون کا سامنا کیا ہے پرویزالٰہی کو بھی تحقیقاتی اداروں سے تعاون کرنا چاہیے۔