وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات

56
APP99-13 ISLAMABAD: November 13 - Finance Minister Asad Umar in a meeting with the IMF delegation. APP

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے منگل کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے وفد نے ہیرالڈ فنگر کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد کے سربراہ نے معیشت کے مختلف شعبوں کی کارکردگی پر اپنے ابتدائی تجزیئے اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے افسران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر نے وفد کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے معاشی وژن سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اصلاحات کے وسیع ایجنڈے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے، حکومت ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے لئے پرعزم ہے، موجودہ حکومت نے معاشرے کے غریب اور مستحق طبقے کے تحفظ کا عزم کررکھا ہے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ سماجی تحفظ، انسانی وسائل کی ترقی، روزگار کے نئے مواقع کے لئے کوشاں ہیں، مقامی صنعت اور برآمدی شعبے کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے کوششوں کی تکمیل کیلئے آئی ایم ایف کا تعاون درکار ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد متعلقہ حکام کے ساتھ آئندہ چند دن بات چیت جاری رکھے گا۔