پشاور۔ 26 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت خزانہ نے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےگورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں صوبہ کی سیاسی، سماجی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں صوبہ کو درپیش مالی مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ،گورنر خیبرپختونخوا نے وفاق کیجانب سےصوبہ کو این ایف سی ایوارڈ فنڈز اور ضم اضلاع کیلئے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کا معاملہ بھی اٹھایا ،ملاقات میں ضم اضلاع میں ٹیکسوں کے نفاذ پر بزنس کمیونٹی اور قبائلی عوام کے تحفظات و خدشات پر بھی گفتگو کی گئی ۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کندی نے کہا کہ ضم اضلاع کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلئے وفاق کیجانب سے وعدہ کے مطابق ترقیاتی فنڈز کا اجراء انتہائی ضروری ہے، افسوس ہے کہ ضم اضلاع کیلئے جتنے فنڈز جاری ہوئے وہ بھی صوبائی حکومت نے ضم اضلاع پر خرچ نہیں کئے۔انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ کو صوبہ کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے اقتصادی و معاشی ترقی کیلئے تجاویز بھی پیش کی۔
وفاقی وزیر خزانہ کا صوبہ کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی معاشی ترقی کیلئے تجاویز کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا اور پاٹا کمیٹیوں میں خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونیٹی کو نمائندگی دی گئی ہے، وفاق تمام صوبائی اکایئوں کو معاشی ترقی کی رفتار میں آگے دیکھنا چاہتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566494