وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا آئی ایم ایف کے مشن چیف ہرالڈ فنگر کے ہمراہ دبئی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

164

دبئی ۔ 4 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے ساتھ آخری معاشی جائزہ کی کامیابی کے ساتھ تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت قومی معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص ٹیکسوں، توانائی، زرعی و مالیاتی اور سرکاری شعبہ کے کاروباری اداروں میں مشکل ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے لئے پرعزم ہے۔ وہ جمعرات کو آئی ایم ایف کے مشن چیف ہرالڈ فنگر کے ہمراہ دبئی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان6.4ارب ڈالر کے تین سالہ توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت آخری جائزہ کے لئے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں اطراف سے اچھی کاوش کا نتیجہ ہے۔ وزیرخزانہ نے آئی ایم مشن چیف کے سربراہ ہرالڈ فنگر اور ان کی ٹیم کی آخری جائزہ کی تکمیل کے حوالے سے کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر ملکی معیشت کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ 12ویں معاشی جائزہ میں ہماری کارکردگی انتہائی اطمینان بخش رہی ہے، ہم نے جون 2016ءکے اختتام تک کے تقریباً تمام اہداف حاصل کیے ہیں۔