23.8 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے یو ایس پاکستان بزنس کونسل...

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پیر کو یو ایس پاکستان بزنس کونسل (یو ایس پی بی سی ) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کونسل کی نائب صدر سپیرنزا جیلالیان کر رہی تھیں جبکہ وفد میں امریکہ کی معروف کاروباری کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں یا یہاں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کر رہی ہے ۔

وزیر خزانہ نے امریکی کمپنیوں کی پاکستان میں مسلسل دلچسپی اور سرمایہ کاری کو سراہا اور حالیہ منعقدہ پاکستان منرلز فورم میں امریکی وفود کی شرکت پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے، خاص طور پر توانائی، معدنیات، زراعت اور ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں سمیت شامل ہیں ۔

- Advertisement -

سینیٹر اورنگزیب نے وفد کو بتایا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور آنے والے وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران تمام کاروباری اداروں اور صنعتوں کی تجاویز بشمول یو ایس پی بی سی کی آراء پر غور کیا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کا حوالہ بھی دیا جہاں انہوں نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے موسمِ بہار اجلاسوں میں شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران چھ روز میں 70 سے زائد ملاقاتیں کی گئیں جن میں حکومتی عہدیداروں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاری بینکوں، بین الاقوامی شراکت داروں، ریٹنگ ایجنسیوں، تھنک ٹینکس اور عالمی میڈیا کے نمائندگان شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی شراکت داروں کی جانب سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور استحکام کے لیے جاری اقدامات کو سراہا گیا اور مستقل اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنے کی سفارش کی گئی تاکہ طویل المدتی معاشی بہتری ممکن بنائی جا سکے۔ملاقات کا اختتام پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592879

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں