وفاقی وزیر خزانہ سے برطانیہ کے ہائی کمشنر کی ملاقات

165
APP78-30 ISLAMABAD: September 30 - British High Commissioner Mr. Thomas Drew called on Finance Minister Senator Mohammad Ishaq Dar. APP

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی، ان کے ہمراہ ڈی ایف آئی ڈی پاکستان کی سربراہ لوئیس واکر بھی موجود تھیں۔ وزیر خزانہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا کہ پاکستان میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافہ کے موجودہ رجحان اور عوام تک سہولتوں کی زیادہ سے زیادہ فراہمی ہے۔ وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق پاکستان کے معیشت، توانائی اور سیکورٹی کے شعبوں میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان میں مزید استحکام آئے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل پر وزیر خزانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ باہمی تعلقات اور تجارت میں اضافہ کے وسیع امکان موجود ہیں۔ برطانیہ کے ہائی کمشنر نے توانائی اور مالیاتی شعبہ میں کی جانے والی اصلاحات کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے قومی معیشت کی ترقی میں نمایاں بہتری ہوگی۔ ملاقات کے دوران وزارت خزانہ، اقتصادی امور ڈویژن کے حکام بھی موجود تھے۔