اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں اہم قومی مالیاتی اور توانائی منصوبوں پر فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی درخواست پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل ) کے لئے جاری 50 ارب روپے کی خودمختار ضمانت کی مدت میں جون 2026 تک توسیع کی منظوری دی گئی۔
پاور ڈویژن کی پیش کردہ سمری پر ای سی سی نے بلوچستان میں 27,000 زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کے منصوبے کے لئے مزید 24.5 ارب روپے کے اجراء کی منظوری دی۔ منصوبے پر وفاق اور صوبے کے درمیان 70/30 کے تناسب سے اخراجات کئے جائیں گے۔ پاور ڈویژن کو منصوبے پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے اور جولائی میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
کمیٹی نے مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ فنی اضافی گرانٹس (ٹی ایس جی ) کی منظوری بھی دی جن میں کابینہ ڈویژن کے لئے 300 ملین روپے،وزارت خزانہ کے لیے 1,269 ملین روپے،وزارت تعلیم کے لئے 250 ملین روپے (صادق پبلک سکول کی اپ گریڈیشن کے لئے)،وزارت داخلہ و انسداد منشیات کے لئے مختلف مدات میں مجموعی طور پر 637 ملین روپے،وزارت قانون و انصاف کے لیے 556.8 ملین روپے اورپاور ڈویژن کے لئے 106 ملین روپے شامل ہیں ۔
اجلاس میں پاور ڈویژن نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی گورننس سے متعلق سابقہ ای سی سی فیصلے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ تمام کمپنیوں کے بورڈز کی تشکیل نو مکمل کر لی گئی ہے (سوائے سیپکو اور حیسکو کے) اور ان کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کا باقاعدہ نظام بھی فعال ہو چکا ہے۔
اجلاس میں وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592876