اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے دراز کے ایم ڈی احسان سایا کی سربراہی میں بدھ کو فنانس ڈویژن میں وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
دراز کے وفد نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے کاروباری پروفائل اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اپنے تعاون سے آگاہ کیا۔ انہوں نےدرپیش مختلف آپریشنل مسائل خصوصاً سرحد پار ادائیگیوں کے بارے میں وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ وفد نے اپنے مسائل حل کرنے کی درخواست کی اور اس سلسلے میں حکومت سے تعاون طلب کیا۔
ایم ڈی دراز نے وزیر خزانہ کو یہ بھی بتایا کہ میسرز علی بابا دراز کے ساتھ مل کر پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے 0.5 ملین امریکی ڈالر کی انسانی امداد فراہم کر رہا ہے۔وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے وفد کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی کے شعبوں سے پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ بڑھانے کی خواہشمند ہے۔
حکومت پاکستان میں آئی ٹی سے متعلق کاروباری سرگرمیوں کو اعلیٰ ترجیح دے رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے سیلاب متاثرین کے لئے ان کے تعاون کو سر اہا اور کہا کہ دراز کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے تعاون کیا جائے گا۔وفد نے تعاون اور معاونت پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔