اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر شعیب سرور نے پیر کو یہاں فنانس ڈویژن میں ملاقات کی ۔
ملاقات میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے، خاص طور پر تجارت اور معاشی اشتراک کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تارکین وطن کے کردار کو سراہا اور انہیں مزید مضبوط کرنے کے اقدامات پر زور دیا۔شعیب سرور نے وزیر خزانہ کو دونوں ممالک کے موجودہ تعلقات اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے ڈنمارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور ان کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے پر بھی روشنی ڈالی۔