وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو مفتاح اسماعیل و چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے فیڈریشن چیمبر کے وفد کی ملاقات

67

لاہور۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر محمد سلیمان چاولہ اور ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی ہمراہ دیگر نائب صدور نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں وفدنے وفاقی بجٹ 2022-23میں غور کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

فیڈریشن چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ اور ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی نے وفاقی وزیر خزانہ کو مبارکباد دی اور وفاقی بجٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور ملک میں کاروباری برادری کو در پیش ٹیکس کے نظام سے متعلق مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنے پر ایف پی سی سی آئی کے موثر کردار کو تسلیم کیا۔

وزیرخزانہ نے معیشت کے مختلف شعبوں کے لئے فیڈریشن چیمبر عہدیداروں کی طرف سے مجوزہ بجٹ تجاویز کی تعریف کی۔اس موقع پر محمدندیم قریشی نے زراعت اور کاٹن کی گروتھ کے حوالے سے وزیر خزانہ کو بریفنگ دی اور کہاکہ پاکستان میں تمام فصلوں کی فی ایکٹر پیدوار دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے جس میں اضافے کے لیے اقدامات کئے جائیں، جس پر وزیر خزانہ نے تجاویز کو تسلیم کرتے ہوئے زراعت کی ترقی کے لئے فوری طور پر ایک اعلی سطحی کمیٹی بنا کر دوبارہ اجلاس بلانے کاوعدہ کیا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفد کو معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا اور کہاکہ حکومت سختی سے ملک میں ترقی کی مجموعی سطح کو بہتر بنانے کے لئے موثر پالیسوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔تمام سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو پرکھا جائے گا،ایف پی سی سی آئی وفد نے معاشی استحکام بڑھانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔