22.5 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی چیف جسٹس، جسٹس...

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی چیف جسٹس، جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کی جاری اصلاحاتی کاوشوں پر روشنی ڈالی جن کا مقصد عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی، عدالتی نظام کی جدید خطوط پر استواری، ٹیکس سے متعلق مقدمات کی درجہ بندی اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے۔

چیف جسٹس نے اس امر پر زور دیا کہ متبادل تنازعات کے حل (اے ڈی آر) کے نظام کی کامیابی کو یقینی بنانا نہایت اہم ہے جو ٹیکس سے متعلق تنازعات کے بروقت حل کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس نظام کی حقیقی کامیابی کے لیے حکومت کی مسلسل معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔مزید برآں چیف جسٹس نے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا کہ اس وقت جوڈیشل اکیڈمی میں جوڈیشل افسران اور ایس ای سی پی کے ممبران کے لیے تربیتی سیشنز جاری ہیں اور جلد ہی اسی نوعیت کی تربیت مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے افسران کو بھی فراہم کی جائے گی۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے عدلیہ کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا اور عدالتی ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار وسائل کی بروقت فراہمی میں حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فریقین نے قانون کی بالادستی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عدلیہ اور انتظامیہ کے مابین مربوط کوششوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں