حکومت براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے، وزیرخزانہ محمداسحاق ڈارکی ایٹین ایلیٹ رئیل اسٹیٹ کے سی ای او طارق حامد ی سے گفتگو

207

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیاگیاہے۔انہوں نے یہ بات ایٹین ایلیٹ رئیل اسٹیٹ کے سی ای او طارق حامد ی سے ملاقات میں کہی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ، ماہرمعاشیات سلیم فرخ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔

طارق حامدی نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل کے بارے میں بتایا جو کہ ممتاز مصری تاجر نجیب سویرس کا ایک ذیلی سرمایہ کاری پراجیکٹ ہے اور پاکستان میں ان کے مستقبل کی سرمایہ کاری کے منصوبے ہیں۔وزیرخزانہ کوآگاہ کیا گیا کہ مصری سرمایہ کار کے پاکستان کے ساتھ ٹیلی کمیونیکیشن اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں دیرینہ کاروباری تعلقات ہیں اور وہ ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ طارق حامدی نے مصری تاجر کی پاکستان میں دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مصری تاجر نجیب سویرس کے تعاون کا خیرمقدم کیا اور انہیں سراہتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ حکومت براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیاگیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت غیر ملکی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور دوستانہ ماحول فراہم کر رہی ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان میں مصری سرمایہ کاری کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔