وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل سے تاجروں کے وفد کی ملاقات

296

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کی توسیع کے لئے تاجروں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فنانس ڈویژن میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر زبیر موتی والا، فواد انور، محمد علی ٹبہ، شاہد شورٹ اور ذکی بشیر، سیکریٹری تجارت، چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر خزانہ نے تاجروں کا خیرمقدم کیا اور زور دیا کہ میکرو اکنامک استحکام موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت معاشی ترقی کی سطح حاصل کرنے کے لئے موثر اور فلاحی پالیسیوں کے ذریعے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تاجر برادری کے مسائل اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کی توسیع میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ ہے۔

انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کی توسیع کے لیے تاجروں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ تاجر برادری کے اراکین نے وفاقی بجٹ 2022-23 میں غور کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں اور مختلف شعبوں میں زیادہ کارکردگی لانے کے لئے اقدامات تجویز کئے۔ انہوں نے ملک میں تاجر برادری کو درپیش ٹیکس سے متعلق کچھ مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے معیشت کے مختلف شعبوں کے لیے بجٹ تجاویز کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام اور کاروبار دوست بجٹ پیش کر کے جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، اس لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے اقتصادی ترقی اور غیر ملکی ذخائر میں استحکام کے حصول کے لئے برآمدات میں اضافے پر تاجر برادری پر زور دیا۔