وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل کی چھوٹے درجہ کے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

85

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے چھوٹے درجہ کے تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایات پیرکویہاں ظفر اقبال کی سربراہی میں چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران دیں ۔

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اقتصادیات اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وفد کے سربراہ ظفر اقبال نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کوملک کی معیشت میں چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے کردار اور اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے انہیں درپیش مختلف مسائل خصوصاً سیلز ٹیکس اور ریفنڈز اور بجلی کے بلوں پر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق ایشوز سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے معیشت کی ترقی میں شعبہ کے کردار کو سراہا ۔انہوں نے تاجروں کے بجلی کے بلوں پر ٹیکس عائد کرنے کے تحفظات کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی ۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ چھوٹے تاجروں کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ وفد نے تحفظات کو جامع طور پر سننے اور ان کے حل پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں چیمبرز آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے ملک بھر سے نمائندوں نے شرکت کی۔