وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی گلوبل پریذیڈنٹ اور سی ای او ٹیلی نار گروپ سگوی بریک کے ساتھ ورچوئل میٹنگ

69

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے گلوبل پریذیڈنٹ اور سی ای او ٹیلی نار گروپ سگوی بریک کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔ فنانس ڈویژن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ ٹیلی کام پاکستان کی معیشت کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے اور ملک میں ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ایک اہم محرک ہے۔اپنے ورچوئل ریمارکس میں سگوی بریک نے مشکل وقت میں کمپنی کے پاکستان کے لئے تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار کا ملک کی طویل المدت ترقی کی رفتار کو بحال کرنے میں اہم کردار ہے۔سی ای او نے مزید کہا کہ ملک میں کاروباری ماحول کی بہتری اور مستقبل میں غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کیلئے سپیکٹرم لائسنسنگ اور ٹیکسیشن کے لئے منصفانہ ریگولیٹری نظام اور پریڈیکٹیبل کاروباری ماحول پیدا کرناکلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیر خزانہ نے ٹیلی کام انڈسٹری کی طرف سے فراہم کردہ خدمات کو سراہا اور پاکستان میں جاری منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔