وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس ، وزیر اعظم کے پنکھا تبدیلی پروگرام کا جائزہ لیا گیا

67
Federal Finance Minister Muhammad Aurangzeb
Finance Minister Muhammad Aurangzeb

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر اعظم کے پنکھا تبدیلی پروگرام اور اس کے جلد اجراء کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ پیر کو وفاقی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور وزارت خزانہ، وزارت توانائی سمیت متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اور شرکا کو نیشنل انرجی ایفشینسی اور کنزرویشن اتھارٹی کی جانب سے پروگرام کی عملی تیاریوں اور متوقع آغاز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بینکوں کے ساتھ معاہدوں کی تکمیل، بینکنگ سسٹمز کے انضمام اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی فنی معاونت اور سلوشنز کے ذریعے عمل درآمد کو تیز کرنے جیسے اہم نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے وزیر اعظم کی اس منصوبے پر خصوصی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام توانائی کی بچت، مالی شمولیت کے فروغ اور معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے صارفین کے رویے میں مثبت تبدیلی آئے گی، بجلی کی کھپت میں کمی ہوگی اور مجموعی طور پر ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔وزیر خزانہ نے تمام سٹیک ہولڈرز خصوصاً بینکاری شعبے کی بھرپور شرکت اور تعاون کو سراہا اور ہدایت دی کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں تمام ضروری اقدامات مکمل کئے جائیں تاکہ مہینے کے اختتام تک پروگرام کے پہلے مرحلے کا تیار بینکوں کی شمولیت کے ساتھ آغاز ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس میں تمام شرکا نے حکومت کے معاشی و توانائی شعبے میں اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پروگرام کی بروقت اور موثر تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔