اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان ریلویز مسافروں کو ہر ممکن بہترین سہولیا ت کی فراہمی کے پیش نظربڑے شہروں کے 20 ریلوے سٹیشنوں پر اعلی معیار کے بیت الخلا قائم کرے گا۔
وزارت ریلوے کے ایک اہلکار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ اس مقصد کے لیے نجی شعبے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور سمیت بڑے شہروں کے ریلوے سٹیشنوں کو پہلے مرحلے میں نئی سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کی سہولت کے لیے ملک بھر کے پانچ بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو بھی جدید خطوط پر استوار کرے گا۔ اس طرح کے اقدامات سے محکمہ کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے کا مقصد انہیں کاروباری سرگرمیوں کے لیے تجارتی مرکز بنانا اور مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشنوں کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔ ریلوے حکام نے کہا کہ حکومت پاکستان ریلوے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریلوے کے انفراسٹرکچر کو دستیاب وسائل کے مطابق برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ریلوے ٹریک سبی۔کوئٹہ۔چمن، سپیزنڈ۔تفتان اور سبی۔ہرنائی اور جیکب آباد۔سبی سیکشن کے کچھ حصے پر مشتمل ہے۔