اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی جماعتوں سے اچھے تعلقات ہیں، ، اپوزیشن کی حکومت گرانے کی خواہش پوری نہیں ہو گی اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمیشنر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ رواں ہفتے اتفاق رائے سے معاملہ حل ہو جائے گا۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اتحادی جماعتیں حالات کو سمجھتی ہیں، ایم کیو ایم نے وزارت چھوڑی ہے لیکن انہوں نے اسمبلی میں ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے اسلئے حکومت اتحادی جماعتوں سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان حکومت گرانے کیلئے ہر قسم کے منفی حربے استعمال کر رہے ہیں، ماضی میں بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آئندہ بھی انہیں شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا، حکومت گرانے کی کسی کی خواہش پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی لیکن ہماری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کر دی ہے جو مثبت تبدیلی ہے، اس سے بہت فرق پڑا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ملک کے تمام پولیس محکموں میں یہی نظام نافذ ہو۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ نواز شریف کو باہر نہ جانے دیتے تو حکومت پر تنقید ہوتی، وہ علاج کیلئے بیرون ملک گئے تھے اب انہیں واپس آنا چاہیے، ان کی مدت ختم ہو گئی ہے انہیں چاہیے کہ واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں، وہ سزایافتہ مجرم ہیں اگر وہ واپس نہ آئے تو انہیں واپس لانے کیلئے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دو ٹوک موقف ہے کہ جب تک بھارتی حکومت کشمیریوں کو ریلیف نہیں دیتی تو وہ بھارت سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالا تو تباہ حال معیشت ملی تھی تاہم وزیر اعظم عمران خان کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔