وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان سے ناروے کے نائب وزیر خارجہ ایرلنگ رمسٹاد کی ملاقات

78

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان سے ناروے کے نائب وزیر خارجہ ایرلنگ رمسٹاد نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان میں ناروے کے سفیر پر البرٹ الاساس بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ راناثناءاللہ خان نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیر داخلہ کی جانب سے فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کے فریم ورک میں پاکستان کے لیے حمایت پر اظہار تشکرکیا۔وزیر داخلہ کی جانب سے نارویجن شہری کے کیس کو جلد از جلد قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ناروے کے نائب وزیر خارجہ کی جانب سے پشاور کی مسجد میں حالیہ دہشت گردانہ حملے پر اظہار افسوس کیا گیا۔ نائب وزیر خارجہ نے ناروے کے سفارتخانے کے ساتھ تعاون پر پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے جرائم سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو سراہا۔

ناروے کے نائب وزیر خارجہ نے ناروے کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے ناروے کی جانب سے پاکستان کے لیے مکمل سیاسی اور اقتصادی حمایت کا اعادہ کیا۔