وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا جناح انٹرنیشل ائیر پورٹ کراچی کا دورہ

183
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا جناح انٹرنیشل ائیر پورٹ کراچی کا دورہ
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا جناح انٹرنیشل ائیر پورٹ کراچی کا دورہ

کراچی۔11اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اتوار کو جناح انٹرنیشل ائیر پورٹ کراچی کا دورہ کیا، وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا جبکہ امیگریشن حکام نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی، وزیرداخلہ نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کے لئے کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی، انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سندھ کو ہدایت کی کہ مسافروں کی امیگریشن کا عمل جلد مکمل کرنے کے لئے کاؤنٹرز کی تعداد کو دوگنا کیا جائے۔

نئے کاؤنٹرز ایک ماہ میں مکمل کیے جائیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا بہترین اثاثہ ہیں۔ پاکستان کی معاشی ترقی میں انکا کردار سب سے نمایاں ہے، ائیر پورٹ پر ان کی بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے پاکستان کا دنیا میں بہترین تشخص اجاگر ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم کے ویژن کے تحت سیاحت اور تجارت کے فروغ لے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ آن لائن ویزا سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔معیشت کو فائدہ ہوگا۔