وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی امت مسلمہ سمیت پاکستانی قوم کوعیدالاضحٰی کی تہہ دل سے مبارکباد

141
Mohsin Naqvi
Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امت مسلمہ سمیت پاکستانی قوم کوعیدالاضحٰی کی تہہ دل سے مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں عملی زندگی میں قربانی اور ایثار کا درس دیتی ہے، ہمیں پاکستان کی خاطر جھوٹی انا اور ذاتی مفادات کی قربانی دینے کا عہد کرنا ہے۔ پیر کو اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ زبانی جمع خرچ کو چھوڑ کر حقیقت میں جھوٹ اور منافقت کی قربانی دینا ہو گی۔ آج وطن کی مٹی ہمیشہ کیلئے سیاسی،گروہی اور لسانی اختلافات کی قربانی مانگ رہی ہے، وطن عزیز کا قرض سب پر واجب الادا ہے اور یہ قرض پاکستان کے لئے قربانی دے کر ہی اتارا جا سکتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہر جماعت ، ادارے،محکمے اور طبقے سمیت ہر فرد کو ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے،یتیم اور غریبوں کی مدد کریں ، اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور اللہ تعالٰی کو راضی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن، بھائیوں کو یاد رکھیں۔ انہوں نے دفاع وطن اور قیام امن کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایثار، بھائی چارے اوراتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ پاکستان ترقی کرے گا اور بہت آگے جائے گا۔