وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کی رہائش آمد ، سوگوار خاندان سے تعزیت کی

87
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کی رہائش آمد ، سوگوار خاندان سے تعزیت کی

لاہور۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کی رہائش واپڈا ٹائون لاہور جا کر شہید کے والد محمد اشرف، بھائی محمد حنان اشرف اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور جواں سال بیٹے کی شہادت پر والد و سوگوار خاندان سے تعزیت کی ۔ انہوں نے شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کے والد اور بھائی کو دلاسہ دیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کی بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کے والد اور بھائی کے بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر جان نچھاور کی، لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کے بلند حوصلہ والد کو دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ شہدائے وطن قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اورشہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے محمد حسان اشرف نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف تین روز قبل میران شاہ میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔