
سیالکوٹ۔22 دسمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے کلین سویپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو گذشتہ چار سالوں میں ہر میدان میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا‘ مخالفین نوشتہ دیوار نہیںپڑھ سکتے ان کی آنکھوں، کانوں اور دلوں پر قفل پڑے ہیں ‘ نوشتہ دیوار پر لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ 2018ءکے الیکشن میں بھی محمد نواز شریف کو فتح سے ہمکنار کرےگا۔ خواجہ محمد آصف نے قوم کو سرپرائز دینے کا دعویٰ کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ وہ سرپرائز دینے والے خود سرپرائزڈ ہیں۔ انہوں نے کسی کو کیا سرپرائز دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں لوڈشیڈنگ پر ہونے والے احتجاج کو میڈیا کوریج دیتا ہے اوریہ احتجاج ہماری سر آنکھوں پرہے لیکن گذشتہ حکومت میں 14,14گھنٹے بجلی جانے کے مقابلے میں ان چار سالوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی مد میں مسلم لیگ ن کے خدمت کے سفر کی کامیابی کے ساتھ میڈیا انصاف نہیں کررہا اور ان کوجائز کوریج نہیں دے رہا۔ خواجہ محمد آصف نے کہاکہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ معاشی خود مختاری اور خود انحصاری کا منصوبہ ہے جس کی اہمیت کو بعض لوگ سمجھ نہیں پا رہے ۔