وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

96

اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پانامہ کا کل جو بھی فیصلہ آئے گا ہمیں قبول ہو گا اور یہ بات ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کیونکہ یہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ہو گا جسے من و عن قبول کرنے کے علاوہ اور کوئی آئینی طریقہ نہیں۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفروضوں پر بحث نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ وقت کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں آنا بلکہ ملکی قانون اور شواہد کی بنیاد پر آئے گا اور ہم پر الزامات لگانے والے تو عدالت میں ایک بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ بجلی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 5200 میگا واٹ کا شارٹ فال ہے جس پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ پچھلے سات آٹھ ماہ ہم نے لگاتار بجلی فراہم کی ہے جبکہ صنعتوں کو تو اب بھی بلاتعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور صنعتی شعبے میں زیرو لوڈ شیڈنگ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں کوئی بڑا بول تو نہیں بولوں گا لیکن یہ بات واضح ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا جو وعدہ کیا ہے اسے ضرور پورا کیا جائے گا۔