وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کا پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کا دورہ، انجینئرز، سائنسدانوں اور ہنرمندوں کی کاوشوں کی تعریف

152

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے قومی دفاع کے لئے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے انجینئرز، سائنسدانوں اور ہنرمندوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پی او ایف نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کی روایتی اسلحہ و گولہ بارود کی دفاعی ضروریات پوری کررہا ہے بلکہ زائد پیداواری گنجائش کو استعمال کرکے اپنی مصنوعات دنیا بھر میں 40 سے زیادہ ممالک کو درآمد کرکےقیمتی زرمبادلہ بھی کمارہا ہے۔ وہ جمعہ کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔

پی او ایف پہنچنے پرچیئرمین پی او ایف لیفٹیننٹ جنرل علی عامر اعوان نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور ڈائریکٹر جنرل کمرشل، ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن، پی او ایف بورڈ ممبرز سمیت سول اور فوجی افسران سے تعارف کرایا۔

تفصیلی بریفنگ میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کو بتایا گیا کہ پی او ایف 14 خودمختار پیداوار یونٹس، 12 ذیلی کمپنیوں پر مشتمل بڑا صنعتی ادارہ ہے جن میں 24 ہزار سے زیادہ محنت کش اپنے فرائض جانفشانی سے ادا کررہے ہیں ۔ پاکستان آرڈننس فیکٹریز کی ٹھوس صنعتی بنیاد کسی بھی قسم کے روایتی اسلحہ و گولہ بارود کی پیداواری صلاحیت رکھتی ہے ۔

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے پی او ایف ڈسپلے لاؤنج کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پی او ایف کی مصنوعات کا جائزہ لیا اور اعلیٰ معیار کی حامل مصنوعات کی تعریف کی۔