وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی عرب جمہوریہ مصر کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت

62
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی عرب جمہوریہ مصر کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے وزیرِ اعظم پاکستان اور عوامِ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عرب جمہوریہ مصر کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مصری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اس اہم موقع پر شامل ہونا ایک اعزاز اور سعادت ہے۔ حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کی جانب سے رانا تنویر حسین نے مصری قیادت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور اس تاریخی قومی تبدیلی کو سراہا جو عرب اور مسلم دنیا میں خود ارادیت، خودمختاری اور ترقی کی تحریک کا باعث بنی۔

انہوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 1948 میں قائم ہونے والے سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط اور ہمہ گیر شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، جو سیاست، دفاع، تجارت، ثقافت اور تعلیم جیسے مختلف شعبوں پر محیط ہے۔ انہوں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر مصر کی پاکستان کے ساتھ مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا، خصوصاً جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کو ایک اصولی اور برادرانہ موقف قرار دیا۔

رانا تنویر حسین نے پاکستان اور مصر کے مابین بین الاقوامی پلیٹ فارمز جیسے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، نان الائنڈ موومنٹ اور اقوام متحدہ پر قریبی تعاون کو سراہا، جہاں دونوں ممالک نے امن، انصاف اور خودمختاری جیسے مشترکہ اصولوں کی حمایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان-مصر مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے اور دونوں حکومتیں تجارت، زراعت، اعلیٰ تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سے متعلق متعدد دوطرفہ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے مصر کی زراعت کے شعبے میں قابلِ ذکر پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ زرعی سائنس، بیجوں کی ترقی، خشک علاقوں میں کاشت، استعداد کار میں اضافہ، ڈرِپ ایریگیشن، اور موسمیاتی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے، جہاں مصر کو خصوصی مہارت حاصل ہے۔ رانا تنویر حسین نے COVID-19 عالمی وبا کے دوران مصر کی جانب سے پاکستان کو دی گئی طبی امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے مصری حکومت کی فراخدلانہ امداد پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے اپنی وزارت کے دائرہ کار کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کے تحفظ، بایوٹیکنالوجی، اور پائیدار زرعی طریقہ کار کے شعبوں میں دوطرفہ اشتراک بے حد اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو پانی کی قلت کے ماحول میں کام کرنے کا مشترکہ تجربہ حاصل ہے، جس سے تحقیقاتی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان نتیجہ خیز شراکت داری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مصری بین الاقوامی مرکز برائے زراعت (EICA) کی خدمات کو بھی سراہا، جو پاکستانی پیشہ ور افراد کو خوراک کی ٹیکنالوجی، آبپاشی اور دیہی ترقی جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کر رہا ہے۔آخر میں رانا تنویر حسین نے صدر عبدالفتاح السیسی، مصری حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی مزید ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان–مصر کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ان کے ذریعے دونوں اقوام اور وسیع تر امت مسلمہ کے مفاد کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔