وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا سینیٹ میں توجہ دلاﺅ نوٹس کا جواب

106

اسلام آباد ۔23نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لانڈھی ریلوے سٹیشن پر ٹرین کے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور ہیں‘ حادثے کے وقت دونوں کیبن میں موجود نہیں تھے‘ حادثے کے ذمہ داروں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔ بدھ کو ایوان بالا میں سینیٹر شیری رحمان‘ مختار دھامرا‘ سلیم مانڈوی والا‘ کریم احمد خواجہ اور سعید الحسن مندوخیل کے توجہ دلاﺅ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو مکمل طور پر غیر سیاسی ادارے کے طور پر چلایا جارہا ہے۔ ہم نے کسی کی کبھی سفارش نہیں مانی۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ڈسپلن کو بھی یقینی بنایا ہے جس کی وجہ سے اس کے مالیاتی نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئی ہے اور رواں سال 30 جون تک ریلوے کی آمدنی 18 ارب روپے سے بڑھ کر 36 ارب روپے تک پہنچ گئی اور سالانہ پانچ کروڑ مسافر اس سے سفر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مال برداری میں بھی ساڑھے چھ گنا اضافہ ہوا ہے۔