وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق سے ایتھو پیا کے نامزد سفیر جمال بیکر عبد اللہ کی ملاقات

86

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے بدھ کو یہاں ا پنے دفتر میں ایتھو پیا کے نامزد سفیر جمال بیکر عبد اللہ کو پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے رہائشی سفیر کے طور پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خواجہ سعد رفیق نے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان میں ایتھوپیا کی طرف سے مکمل سفارتخانہ کھولنے پر مبارکباد پیش کی جس سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود مذہبی تعلقات کے ساتھ تجارتی، اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافہ بھی زیر غور ہے جس کا مقصد عوام کے درمیان رابطوں اور تجارتی تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔جمال بیکر عبداللہ نے تباہ کن سیلاب کے دوران جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔