فیصل آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خواتین کے آزادی مارچ کے حوالے سے پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں اور جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ اس حوالے سے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کا موقف ایک جبکہ پیپلز پارٹی کا دوسرا ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہر شخص کو آزادی رائے کا حق حاصل ہے تاہم سلوگن پر اختلاف ہوسکتا ہے کیونکہ بعض اوقات اختلاف کرنے والے سمجھتے ہیں کہ ان کا نارمل سلوگن لوگوں کو ایٹریکٹ نہیں کررہا اس لیے وہ کوئی الگ سے سلوگن بنا لیتے ہیں ۔ اسلام نے بھی عورتوں کو بے پناہ حقوق دیئے ہیں۔اسلئے کوئی بھی طبقہ کسی ایک سلوگن سے کسی دوسرے کی رائے کو بدل نہیں سکتا ۔ اتوار کے روز وزیراعلیٰ پنجاب شکایات سیل کے چیئرمین چوہدری محبوب عالم سندھو کی والدہ محترمہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہ ملک پور فیصل آباد آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم رحمة اللہ علیہ نے فرمایا تھا کہ جب تک ملکی آبادی کے 50فیصد حصہ پرمشتمل خواتین مردوں کے شانہ بشانہ نہیں ہونگی اور ان کو معاشرے میں ان کا آئینی ،قانونی ،اخلاقی و انسانی حق نہیں دیا جائے گا اس وقت تک ملک و قوم ترقی نہیں کرسکتے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہر کسی کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج کا مکمل حق حاصل ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئے روز مختلف امور کے حوالے سے فتوے دیئے جاتے ہیں بلکہ بعض اوقات تو کفر تک کے فتوے بھی دے دیئے جاتے ہیں۔ لہٰذا اگر ہم ان کو نظر انداز کرسکتے ہیں تو خواتین کے آزادی مارچ کے سلوگن کو بھی نظر انداز کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کا اپنا نظریہ ،اپنی سوچ ،اور اپنا انداز ہے اس لیے کوئی ایک شخص کسی ایک نعرے سے کسی دوسرے کا نظریہ یا سوچ تبدیل نہیں کرسکتا ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وہ خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سب سے پہلے وہ پڑھیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ خود کو ہر شعبہ ہائے زندگی سمیت ملکی تعمیر و ترقی کے دھارے میں رکھ سکیں۔پھر وہ اکنامک آزادی حاصل کریں کیونکہ جب ان کے پاس اقتصادی و معاشی آزادی ہوگی تب وہ اپنے حقوق کی بات کرسکیں گی اور اسی میں ہی ان کا اپنا اور ملک و قوم کا بھلا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے حقوق کیلئے پرا من احتجاج ضرور کیا جائے مگر کوئی ایسا سلوگن استعمال نہ کیا جائے جس سے کسی کے مذہبی جذبات مجروع ہوںیا کسی کی دل آزاری ہو۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے جس سے امید ہے کہ کوئی خواتین کو ان کے آئینی و قانونی حقوق سے محروم نہیں کرسکے گا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ فیض اللہ کموکا و دیگر پارٹی رہنماءبھی موجود تھے۔