وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس،کامسیٹس کوئٹہ کیمپس کھولنے کی منظوری

112

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر غلام محمد میمن، ریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد تبسم، چیئرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر سید حسین عابدی، ایڈیشنل سیکرٹری عثمان اختر باجوہ اور جوائنٹ سیکرٹری میر فاروق لانگو اور کنسلٹنٹ ایڈوائزر میاں حسن نے شرکت کی۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ کی ہدایات پر بلوچستان میں جدید تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کامسیٹس کوئٹہ کیمپس کھولنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔

کوئٹہ کیمپس کامسیٹس کے قیام کے لئے انفراسٹرکچر میں پی سی ایس آئی آر کے ساتھ موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے اس کی رینوویشن کے لئے فنڈز کے اجرا کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر تمام صوبوں میں کامسیٹس سب کیمپس موجود ہیں جبکہ کوئٹہ میں اسکا کیمپس نہ ہونا تعلیمی تفریق کی عکاسی کرتا تھا جبکہ موجودہ وفاقی حکومت اور بی این پی تعلیم میں یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری جماعت سردار اختر مینگل کی سربراہی میں جدید اعلی تعلیمی سہولیات تک ہر طبقے کی رسائی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں کامسیٹس کیمپس کے قیام سے دور رس اثرات مرتب ہونگے اور یہ منصوبہ سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تزیئن و آرائش کے کام کی تکمیل کے فوری بعد کامسیٹس کیمپس کوئٹہ کا افتتاح کیا جائے گا۔