وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا پشاور میں ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کی جلی ہوئی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ ، 9 اور 10 مئی کے واقعات پر بریفننگ دی گئی

258

پشاور۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی ساجد حسین طوری نے کہاہے کہ 9 مئی کی توڑ پھوڑ نے حملہ آوروں کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔قومی تنصیبات کی توڑ پھوڑ میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔انہوں نے 9 اور10 مئی کو عوامی، سرکاری اور دفاعی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی تاریخی عمارت کو نذر آتش کرنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آوروں کو ثقافتی ورثے اور میڈیا سے کوئی سروکارنہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی جلی ہوئی عمارت کے دورے کے موقع پر کیا ۔

انھوں نے نیشنل براڈ کاسٹر اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کیا۔ساجد حسین طوری نے کہا کہ 9 سے 10 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور، جناح ہاؤس لاہور اور دفاعی تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور آگ نے غنڈوں کی وحشیانہ ذہنیت کو بے نقاب کر دیاانہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 2007 میں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگایا تھا ۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی پرچم کو بلند کیا 9 مئی کی توڑ پھوڑ کی تباہی کے مجرم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور ایک تاریخی اسٹیشن تھا جو 6 مارچ 1935 کو قائم ہوا تھا جہاں سے 13 اور14 اگست 1947 کی درمیانی رات کو پاکستان کی آزادی کا اعلان نشر کیا گیا تھا۔

ساجد طوری نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کو ہونے والی تباہی کے بارے میں بات کریں گے اور قومی نشریاتی ادارے کے لیے پانچ موٹر سائیکلوں کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہاکہ نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے ملکی اثاثوں کو جلا کر اپنے مقاصد قوم پر عیاں کر دئیے،9 ،10 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد نمائندوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں،ان عوامی نمائندوں کو پارٹی میں شامل کرنا ہمارے پارٹی صدر کا استحقاق ہے،افواج پاکستان کی موجودگی میں ملک دشمن عزائم کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

بعد ازاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال میں 9لاکھ 50ہزار سے زائد ہنر مندوں کو روزگار کے لیے بیرون ملک بھیجا ہے سمندر پار پاکستانیوں کی ڈیتھ گرانٹ چھ لاکھ روپے سے بڑھا کر آٹھ لاکھ روپے اور جہیز گرانٹ چار لاکھ روپے سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ساجد حسین طوری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے آٹھ لاکھ بچے اور دیگر پاکستانیوں کے 62 ہزار طلباء ان کی وزارت کے سکولوں میں داخل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے سیاستدان پارٹی میں شامل ہونے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں۔ڈاکٹر حیدر علی اور عثمان لالہ جیسے سینئر پارلیمنٹرینز نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاراچنار یونیورسٹی کی تعمیر کے لیے زمین درکار ہے۔منصوبے پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر نے ریڈیو پاکستان اور اے پی پی دفاتر کی جلی ہوئی عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کیاوفاقی وزیر کو دونوں قومی اداروںکو ہونے والی تباہی کے بارے میں بریفنگ دی گئی انہیں عبدالقیوم خان کے جلائے گئے آڈیٹوریم اور چاغی ماڈل پہاڑوں کے بارے میں بھی بتایا گیا جسے پرتشدد ہجوم نے 9 مئی 2023 کو تباہ کر دیا تھا وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی دونوں اداروں کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور تاریخی عمارت کو پہلے سے زیادہ خوبصورتی سے بحال کیا جائے گا